(ق) لیگ بڑی سیاسی و جمہوری جماعت، چوہدری شجاعت کی قیادت میں عوامی حقوق کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،رفیع اللہ اچکزئی

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر رفیع اللہ اچکزئی،صوبائی ترجمان ڈاکٹر سید علی عادل اور ضلع کوئٹہ کے صدر بشیر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ق) ملک کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں عوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،حاجی نظرجان حسن زئی کو ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی سے مستعفی ہوکر مسلم لیگ(ق) میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو چمن میں ضلعی سیکرٹریٹ کے افتتاح اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی نظر جان حسن زئی کی اپنے ساتھیوں سمیت مستعفی ہوکر مسلم لیگ(ق) میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر مسلم لیگ(ق) کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد سلیم حمادی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی نظرجان حسن زئی کی قیادت میں سینکڑوں افراد نے مستعفی ہوکرمسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین،رفیع اللہ اچکزئی، ڈاکٹر سید علی عادل اور بشیرخان اچکزئی کی قیادت پر مکمل اعتماد کاظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ(ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رفیع اللہ اچکزئی، ڈاکٹر سید علی عادل اور بشیرخان اچکزئی اور محمد سلیم حمادی نے حاجی نظر جان حسن زئی کواپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ق) میں شمولیت پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے بلوچستان اور خاص کر چمن میں مسلم لیگ(ق) مزید فعال اور منظم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ق) ملک کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے اور پارٹی قائدین نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے پارلیمنٹ اورپارلیمنٹ کے باہر آواز بلند کی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام مسلم لیگ(ق) میں شمولیت ہورہے ہیں اورانشاء اللہ مسلم لیگ(ق) نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو مایوس نہیں کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں