کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی ایک مقامی عدالت نے 14 سالہ پاکستانی نڑاد امریکی لڑکی حرا انوار کے قتل کے جرم میں ان کے والد اور ماموں کو عمر قید کی سزا سنادی ہے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ (دس) شاہد جاوید نے سنیچر کو اس ہائی پروفائل مقدمے کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے مقتولہ کے والد انوار الحق راجپوت اور ماموں محمد طیب بھٹی کو عمر قید کے ساتھ ساتھ دو، دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔اس مقدمے کی تفتیش ’سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ‘ (SCIW) نے کی تھی جس کے تفتیشی افسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر بسم اللہ خان تھے جبکہ استغاثہ کی جانب سے مقدمے کی پیروی اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر قیصر خان نے کی۔چودہ سالہ حرا انوار کو جنوری 2025 میں کوئٹہ کے علاقے بلوچی سٹریٹ میں گھر کے باہر گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ والد کو اپنی بیٹی کی سوشل میڈیا سرگرمیوں، رہن سہن اور طرزِ زندگی پر سخت اعتراض تھاجس پر ایک سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت امریکہ سے پاکستان لا کر قتل کر دیا۔

