ہزار گنجی منڈی جانیوالے تمام راستوں پر کھلے عام رہزنوں کی حکمرانی قائم ہوچکی ہے، جے یو آئی کوئٹہ

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، ضلعی سرپرستِ اعلیٰ مفتی محمد روزی خان، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، حافظ دوست محمد مدنی، مولانا عبدالبصیر، حافظ رشید احمد، حاجی محمد شاہ لالا، مفتی نیک محمد فاروقی، حاجی نعمت اللہ خان اچکزئی اور دیگر ضلعی رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہزار گنجی منڈی جانے والے تمام راستوں پر کھلے عام رہزنوں کی حکمرانی قائم ہوچکی ہے، جہاں آئے روز سبزی فروشوں، ماشہ خوروں، تاجروں اور عام شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے، موٹر سائیکلیں چھینی جا رہی ہیں جبکہ گاڑیوں کی چوری کے واقعات بھی مسلسل رپورٹ ہو رہے ہیں، جس کے باعث منڈی میں کام کرنے والے شدید خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں متعلقہ پولیس اسٹیشن کا کردار انتہائی سوالیہ نشان بن چکا ہے اور عوام یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کیوں عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ڈی آئی جی پولیس بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان خود موقع پر آکر عوامی رائے معلوم کریں، ہزار گنجی اور اس کے ملحقہ علاقوں کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائیں، بصورت دیگر عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد مزید مجروح ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں