سبی(رپورٹر) آرٹسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان کے صدر علی بلوچ نے ایڈیشنل سیکریٹری عبدالرحیم کاکڑ، کلچر ڈپارٹمنٹ کے افسران، جنرل منیجر پی ٹی وی کوئٹہ اور فنکاروں کے مختلف شعبہ جات کے ممبران کی جانب سے جاری مشترکہ پریس ریلیز کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے فنکاروں کے نمائندہ ممبر آفتاب جبل کی خالی نشست کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیے بغیر پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر کی اداکارہ شائستہ صنم کی تقرری کا اعلان غیر قانونی، اقربا پروری اور من مانی کے مترادف ہے اپنے بیان میں علی بلوچ نے کہا کہ متعلقہ حکام اپنے فیصلے مسلط کرنے کے بجائے پہلے آفتاب جبل کی خالی نشست کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کریں اور بعد ازاں اس نشست پر شفاف انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا جائے انہوں نے واضح کیا کہ بصورت دیگر آرٹسٹ ایکشن کمیٹی بلوچستان اس غیر قانونی اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج اور قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر صوبائی حکومت سے کلچر ڈپارٹمنٹ کے اس اقدام کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جائے گا، جبکہ شنوائی نہ ہونے کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جائے گا علی بلوچ نے مزید مطالبہ کیا کہ مستحق فنکاروں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے، ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر فیصلے مسلط کرنے اور انڈوومنٹ فنڈ کی مبینہ غیر قانونی و غیر منصفانہ تقسیم میں ملوث کلچر ڈپارٹمنٹ کے ذمہ دار افسران اور مختلف شعبہ جات کے ممبران کے خلاف تحقیقات کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان فنکاروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے

