وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا بجٹ ملک کے کروڑوں عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہا ہے،ڈاکٹر قاسم بلوچ

کوئٹہ (این این آئی) پاکستان غریبوں پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قاسم بلوچ نے وفاقی بجٹ اور صوبائی بجٹکو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے عوام، ملازمین، محنت کشوں، کسانوں اور متوسط طبقے کے مفادات کے خلاف قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا بجٹ ملک کے کروڑوں عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہا ہے اور اس میں عام آدمی کو درپیش معاشی مسائل کے حل کے لیے کوئی جامع اور مؤثر حکمت عملی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔ عوام پہلے ہی بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، ادویات اور اشیائے خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، لیکن وفاقی بجٹ میں ایسے اقدامات شامل نہیں کیے گئے جن سے عام شہریوں کو حقیقی ریلیف مل سکتا۔ حکومت نے ایک مرتبہ پھر عوامی فلاح و بہبود کے بجائے اعداد و شمار کے ذریعے معاشی کامیابیوں کا تاثر دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اور پنشنرز موجودہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پنشن میں خاطر خواہ اضافے کے منتظر تھے، مگر بجٹ میں ان کی توقعات کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے نمایاں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی بنیادی ضروریات پوری کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ مزدور طبقہ ملکی معیشت کا اہم ستون ہے، لیکن بجٹ میں محنت کشوں کی فلاح، کم از کم اجرت میں نمایاں اضافے، لیبر قوانین پر عملدرآمد اور سماجی تحفظ کی اسکیموں کے حوالے سے کوئی واضح روڈ میپ پیش نہیں کیا گیا۔اسی طرح کسانوں کو درپیش مشکلات، زرعی پیداوار میں کمی اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے مسائل کے حل کے لیے بھی بجٹ میں خاطر خواہ اقدامات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ اور وسائل سے مالا مال صوبے کے لیے ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ صوبے کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور انہیں قومی وسائل میں ان کا جائز حصہ فراہم کرنا وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر قاسم بلوچ نے کہا کہ عوام پاکستان غریبوں کی پارٹی عوامی حقوق، معاشی انصاف، ملازمین، مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم پر عوام کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجٹ پر نظرثانی کرکے عوام دوست اقدامات بشامل کیے جائیں تاکہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں