کوئٹہ شہر بے شمار بنیادی اور دیرینہ مسائل سے دوچار ہے،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی اور دیگر نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر بے شمار بنیادی اور دیرینہ مسائل سے دوچار ہے متعلقہ حکومتی ادارے ان مسائل کے مؤثر اور مستقل حل کے بجائے غفلت عدم توجہی اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالی ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر نکاسی آب کے ناقص نظام اور صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال نے شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ عوام روزمرہ زندگی میں شدید پریشانیوں کا سامنا کررہے ہیں متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری دفاتر میں عوامی مسائل کے حل کیلئے بروقت اور مؤثر اقدامات کے بجائے بیوروکریسی کی سست روی رشوت ستانی اور بدعنوانی کی شکایات عام ہیں جسکے باعث عام شہری اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ عوام کی داد رسی اور مسائل کے ازالے کیلئے کوئی مؤثر نظام نظر نہیں آتا۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ کے شہری مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرکے صفائی ستھرائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا حقیقی معنوں میں ازالہ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں