پائیدار ماہی گیری اور آبی وسائل کے تحفظ میں خدمات پر ایف اے او نے عمران گچکی کو اعزازی شیلڈ سے نوازا

کوئٹہ (این این آئی) اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے خوراک و زراعت تنظیم (ایف اے او) نے بلوچستان میں ماہی گیری کے شعبے میں اصلاحات اور پالیسی سازی میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں سابق سیکریٹری فشریز و ساحلی ترقیات عمران گچکی کو اعزازی شیلڈ سے نواز اہے۔ایف اے او کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عمران گچکی کو ان کے دورِ سیکریٹری فشریز اینڈ کوسٹل ڈویلپمنٹ کے دوران ماہی گیری کے شعبے میں بنیادی اصلاحات متعارف کرانے اور پائیدار ترقی کے لیے مؤثر پالیسی سازی پر اعزاز سے نوازا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران گچکی کے دور میں بلوچستان نے ایف اے او کی تکنیکی معاونت سے اپنی تاریخ کی پہلی جامع فشریز اینڈ آبی زراعت پالیسی مرتب اور نافذ کی، جبکہ بلوچستان فشریز اینڈ آبی زراعت ایکٹ 2026 بھی منظور کیا گیا۔ نئے قانونی فریم ورک پر عملدرآمد کے لیے درکار قواعد و ضوابط بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ایف اے او کے مطابق ان اصلاحات کے بعد بلوچستان پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے ماہی گیری کے شعبے کے لیے بین الاقوامی معیارات اور بہترین عالمی طریقہ کار سے ہم آہنگ جامع پالیسی اور جدید ریگولیٹری نظام متعارف کرایا ہے۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی پالیسی اور قانون سازی کا مقصد پائیدار ماہی گیری کے فروغ، ذمہ دارانہ آبی زراعت کی ترقی، آبی وسائل کے تحفظ، سرمایہ کاری میں اضافے اور ساحلی آبادیوں کے روزگار اور معاشی حالات کو بہتر بنانا ہے۔ایف اے او نے عمران گچکی کی قیادت اور اصلاحاتی عمل میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات بلوچستان میں ماہی گیری کے شعبے کی پائیدار ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہیں۔ماہرین کے مطابق نئی پالیسی اور ریگولیٹری فریم ورک پر مؤثر عملدرآمد سے بلوچستان میں “بلیو ریولوشن” کی راہ ہموار ہوسکتی ہے، جس کے ذریعے سمندری اور اندرونِ ملک آبی وسائل کی وسیع معاشی استعداد سے بھرپور استفادہ ممکن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں