غذائی اجزا سے بھرپور خوردنی تیل و گھی اور فورٹیفائیڈ آٹا انسانی صحت کیلئے انتہائی مفید ہیں،ڈاکٹر محمود خان

لورالائی(این این آئی) ٹیچنگ ہسپتال لورالائی میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام آگاہی سیشن، فورٹیفائیڈ تیل، آٹے اور آیوڈائزڈ نمک کی اہمیت اجاگر، لورالائی میں لیڈی ہیلتھ سپروائزرز (LHSs) اور لیڈی ہیلتھ ورکرز (LHWs) کے لیے ایک روزہ آگاہی سیشن منعقد کیا گیا۔ سیشن کا مقصد شرکاء کو خوراکی تیل و گھی کی لازمی غذائیت افزائی (Mandatory Edible Oil/Ghee Fortification)، بڑے پیمانے پر غذائیت افزائی (Large Scale Food Fortification – LSFF) اور آیوڈائزڈ نمک کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔زونل منیجر ڈاکٹر محمود خان نے شرکاء کو فورٹیفیکیشن پروگرام کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ غذائی اجزا سے بھرپور خوردنی تیل و گھی اور فورٹیفائیڈ آٹا انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وٹامن اے، وٹامن ڈی، آئرن، زنک، فولک ایسڈ اور وٹامن بی 12 جیسے غذائی اجزاء کی فراہمی غذائی کمیوں کے خاتمے اور خصوصاً خواتین و بچوں کی بہتر صحت اور نشوونما میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے آیوڈائزڈ نمک کے باقاعدہ استعمال کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اس موقع پرمشال پرویز خان اور پی پی ایم بلوچستان سید خلیل احمد نے جینڈر اینڈ ایکویلیٹی (Gender & Equality) کے موضوع پر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مقبول احمد کاکڑ نے آن لائن سیشن لیا۔ سیشن میں صنفی مساوات، خواتین کی بااختیاری، مساوی مواقع اور صحت کے شعبے میں مثبت اور حساس رویوں کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔شرکاء نے سیشن کے دوران فورٹیفائیڈ خوردنی تیل و گھی، فورٹیفائیڈ آٹے اور آیوڈائزڈ نمک کے استعمال کو عام کرنے اور کمیونٹی سطح پر عوام میں آگاہی بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس قسم کی تربیتی اور آگاہی سرگرمیوں کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ان کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔پروگرام کے اختتام پر نیشنل کوآرڈینیٹر LHSs/LHWs ضیاء الحق نے اپنے خطاب میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کے فورٹیفیکیشن پروگرام کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ غذائی قلت اور مائیکرونیوٹرینٹ کی کمی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے فورٹیفیکیشن ایک مؤثر، پائیدار اور کم لاگت حکمت عملی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت لورالائی عوامی صحت کے فروغ اور غذائی بہتری کے لیے ایسے اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں