حب (رپورٹر) نیشنل پارٹی تحصیل حب کا ایک اہم تنظیمی اجلاس تحصیل صدر عابد ملازئی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نیشنل پارٹی کی صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن اسد غنی بلوچ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں تحصیل نائب صدر علی محمد مری، جنرل سیکریٹری ثناء اللہ مینگل، فنانس سیکریٹری فتح محمد سمالانی، رابطہ سیکریٹری میران مگسی اور پریس سیکریٹری عبدالمجید سومرو بھی موجود تھے۔
اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی معاملات اور پارٹی کی آئندہ سیاسی و عوامی سرگرمیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل پارٹی کو تحصیل حب میں ایک مضبوط، منظم اور متحرک عوامی سیاسی قوت بنانے کے لیے تمام کارکن متحد ہو کر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن اسد غنی بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی اصل طاقت اس کے نظریاتی اور مخلص کارکن ہیں۔ تنظیم کو نچلی سطح تک فعال بنانا اور عوام کے درمیان پارٹی کا رابطہ مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ہمیشہ جمہوری اقدار، عوامی حقوق اور بلوچستان کے قومی و اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رہے گی۔
تحصیل صدر عابد ملازئی نے کہا کہ تحصیل حب میں تنظیم کو مزید مضبوط، فعال اور عوام دوست بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ پارٹی کارکنوں کو متحرک کرکے عوامی مسائل کے حل اور سیاسی شعور کی بیداری کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے، کارکنوں کی تربیت، باقاعدہ تنظیمی اجلاسوں اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کیا جائے گا تاکہ نیشنل پارٹی کا پیغام زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچ سکے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نیشنل پارٹی تحصیل حب ہر سطح پر عوام کے مسائل، جمہوری حقوق اور بلوچستان کے وسیع تر مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی۔

