کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ہدایات کے مطابق بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (BBoIT)، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (BUITEMS) کے اشتراک سے آئندہ ماہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ “بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026)کا انعقاد کر رہا ہے۔اس سلسلے میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی زیر صدارت بیوٹمز میں ایک اعلیٰ سطحی اسٹیک ہولڈرز اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری، بیوٹمز کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر وائس کاسی، رجسٹرار ڈاکٹر احسن اچکزئی، ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین، مختلف کاروباری و مالیاتی اداروں، سرکاری محکموں، تعلیمی اداروں اور سماجی شعبے سے وابستہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی واضح ہدایات ہیں کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کے لیے سازگار ماحول اور آسانیاں پیدا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کے نوجوانوں کو کاروبار اور صنعت کی جانب راغب کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ”بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو اسی وژن کی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مایوسیوں کا خاتمہ کر کے بلوچستان کا مثبت، پرامن اور سرمایہ کاری کے لیے موزوں تشخص دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔بیوٹمز کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر میر وائس کاسی نے کہا کہ”بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو“ ایک منفرد اور انتہائی مثبت اقدام ہے، جس کے انعقاد کے لیے بیوٹمز ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کے لیے سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم لاشاری نے کہا کہ یہ ایکسپو نہ صرف کاروباری اداروں بلکہ نوجوانوں، نئے کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کو بھی ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جہاں انہیں سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور کاروباری ماہرین سے روابط استوار کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔اس موقع پر بیوٹمز کے رجسٹرار ڈاکٹر احسن اچکزئی نے شرکاء کو ایکسپو کے اغراض و مقاصد، مجوزہ پروگرام اور لے آؤٹ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اجلاس کے شرکاء نے ایونٹ کو مزید مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

