کوئٹہ(این این آئی)وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار نادر علی کی والدہ کو بینوولنٹ فنڈ کی مد میں 8 لاکھ 14 ہزار روپے کی ادائیگی کروا دی گئی۔درخواست گزار نادر علی نے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی والدہ، بی بی زبیدہ، 2013 سے ماہانہ بینوولنٹ فنڈ کی ادائیگی کے حصول کے لیے متعلقہ محکمے کو متعدد بار درخواست دے چکی ہیں، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے ان کی درخواست پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی عدم توجہی اور بلاوجہ تاخیر کے خلاف شکایت درج کروائی۔درخواست موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ نے فوری طور پر انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت شروع کی۔ دورانِ سماعت متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب پیش نہ کر سکا۔بعد ازاں وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کی والدہ کو ماہانہ بینوولنٹ فنڈ اور بقایاجات کی ادائیگی بلا تاخیر یقینی بنائی جائے۔وفاقی محتسب کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کی والدہ کا ماہانہ بینوولنٹ فنڈ جاری کر دیا، جبکہ بقایاجات کی مد میں 8 لاکھ 14 ہزار روپے بھی ادا کر دیے۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔

