محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن جاری،شہر کے مختلف علاقوں میں 25 کمرشل پراپرٹیز کو سر بمہر کر دیا گیا

کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،شہر کے مختلف علاقوں میں 25 کمرشل پراپرٹیز کو سر بمہر کر دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد ایوب ہزارہ نے بتایا کہ محکمہ کے عملے کی جانب سے یہ کارروائیاں جناح روڈ، سرکلر روڈ، ڈبل روڈ، جان محمد روڈ، کاسی روڈ، میکانگی روڈ، سریاب روڈ، پرانا ٹرک اڈہ، سیٹلائٹ ٹاؤن، سمنگلی روڈ اور ویسٹرن بائی پاس سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی فیلڈ ٹیموں کی مسلسل کارروائیوں کے نتیجے میں متعدد نادہندگان نے موقع پر ہی اپنے واجبات جمع کروائے، جبکہ دیگر نادہندگان نے بھی پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے لیے محکمہ سے رجوع کیا۔ اس مہم کے دوران حکومت کے خزانے میں کروڑوں روپے کی وصولی عمل میں آئی۔گذشتہ مالی سال کے دوران محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس کی جانب سے تقریباً 16 کروڑ روپے پراپرٹی ٹیکس کی مد میں وصول کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں