کوئٹہ (این این آئی) ضلع حب کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے معطل ایس ایچ او پولیس اسٹیشن گڈانی انسپکٹر محمد قاسم کے خلاف مبینہ کرپشن کے الزامات کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او سرکل حب کو تین روز کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ایس پی حب مرزا بلال حسن، پی ایس پی کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق آئی پی محمد قاسم، جو اس وقت معطل ہیں اور سابق ایس ایچ او پولیس اسٹیشن گڈانی رہ چکے ہیں، کے خلاف کرپشن کے الزامات کی باضابطہ تحقیقات کی جائیں گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کا فیصلہ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ان رپورٹس کے بعد کیا گیا، جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ آئی پی محمد قاسم نے پولیس اسٹیشن گڈانی کی حدود سے گزرنے والے ایک خاندان سے رشوت وصول کی۔ایس پی حب نے ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او سرکل حب کو ہدایت کی ہے کہ وہ الزامات کی مکمل تحقیقات کرکے اس مراسلے کے موصول ہونے کے تین روز کے اندر ہر صورت تفصیلی رپورٹ ان کے دفتر میں جمع کرائیں۔حکم نامے کی نقل اطلاع کے لیے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس، قلات رینج خضدار کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔

