صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، جھوٹے مقدمات کا خاتمہ کیا جائے، عطا محمد کھوسہ

صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ ) جعفرآباد: انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان کے صوبائی صدر عطا محمد کھوسہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں صحافیوں کو مبینہ طور پر من گھڑت مقدمات، ہراسانی اور دباؤ کا سامنا ہے، جو آزادیِ صحافت کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادیِ صحافت پر کسی بھی قسم کی قدغن ناقابل قبول ہے اور صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض آزادانہ انجام دینے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے جہاں روزگار کے مواقع محدود ہیں، جبکہ میڈیا عوامی مسائل کو اجاگر کرکے انہیں حکومتی ایوانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے میں احتساب اور عوامی آواز بلند کرنے کی ذمہ داری نبھاتے ہیں، اس لیے انہیں ہراساں کرنا یا جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنا افسوسناک عمل ہے۔

عطا محمد کھوسہ نے دعویٰ کیا کہ ضلع صحبت پور میں صحافیوں کے خلاف مقدمات کی تعداد تشویشناک ہے، جو حکومت بلوچستان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف صحافیوں کے حقوق کی بات کی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب انہیں مبینہ طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے، جو قابل مذمت ہے۔

انہوں نے انٹرنیشنل جرنلسٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے حکومت پاکستان، حکومت بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے، ان کے خلاف مبینہ جھوٹے مقدمات کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جائے، ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور بلوچستان میں آزادیِ صحافت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں