اوچ پاور پلانٹ کی 220کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ٹاورز کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش، ایک ٹاور کو نقصان، دوسرا بچا لیا گیا

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی)ڈیرہ مراد جمالی کے قریب اوچ پاور پلانٹ سے سندھ اور پنجاب کو بجلی فراہم کرنے والی 220 کے وی ہائی ٹرانسمیشن لائن کے دو ٹاورز کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔پولیس کے مطابق تھانہ چھتر کی حدود میں کنری اور بانڑی کے درمیانی علاقے میں نصب ٹرانسمیشن ٹاورز کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ایک ٹاور کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ دوسرے ٹاور کے ساتھ نصب دھماکہ خیز مواد کو بروقت ناکارہ بنا کر ممکنہ نقصان سے بچا لیا گیا۔واقعے کے فورا بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا تاکہ واقعے میں ملوث عناصر کا سراغ لگایا جا سکے۔پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی ادارے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں