کوئٹہ(این این آئی)صوبائی مشیر بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری نے دانا سر میں پیش آنے والے دلخراش ٹریفک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کی جانوں سے کھیلنے والے نہ صرف غفلت کے مرتکب ڈرائیور بلکہ متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے خلاف بھی مؤثر اور سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے ریسکیو اور امدادی اقدامات تسلی بخش رہے، تاہم امدادی ٹیموں کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے قبل ہی متعدد مسافر جاں بحق ہو چکے تھے، جو انتہائی افسوسناک امر ہے صوبائی مشیر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے حادثے کی تحقیقات کا فیصلہ خوش آئند ہے اور امید ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد اور متعلقہ ٹرانسپورٹ کمپنی کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں کوئی بھی ڈرائیور یا کمپنی انسانی جانوں سے کھیلنے کی جرات نہ کر سکے انہوں نے افسوسناک حادثے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔

