بلوچستان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن،سینئر پروفیسرز کی ینگ ڈاکٹرز کے احتجاجی کیمپ میں شرکت ڈاکٹرز کمیونٹی کیلئے نیک شگون ہے، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن اور سینئر پروفیسرز کی جانب سے ینگ ڈاکٹرز کے احتجاجی کیمپ میں تشریف آوری کو ڈاکٹرز کمیونٹی کے لیے ایک نیک شگون قرار دیتی ہے اور ان کی اس دانشمندانہ اور بروقت مداخلت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم صدر BMTA ڈاکٹر عبداللہ خان صاحب، ڈاکٹر شعیب احمد قریشی صاحب، ڈاکٹر اشرف اچکزئی صاحب، ڈاکٹر غلام رسول صاحب، ڈاکٹر جہانزیب ناصر صاحب، ڈاکٹر بیزن بلوچ صاحب، ڈاکٹر خلیل صاحب، ڈاکٹر عارف اچکزئی صاحب اور ڈاکٹر خلیل بلوچ صاحب کی اس کاوش کو دلی خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے ڈاکٹرز کمیونٹی کی ڈگنیٹی کے تحفظ اور موجودہ ڈیڈ لاک کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ایک نیک قدم بڑھایا ہے۔ سینئر اساتذہ کی موجودگی نے نہ صرف ہمارے مورال اور جزبے کو بلند کیا ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز اپنے اساتذہ کی رہنمائی اور سرپرستی میں اپنے جائز مطالبات کے لیے متحد ہیں۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ہم پوری امید رکھتے ہیں کہ ہمارے محترم اساتذہ کرام، بلوچستان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے پلیٹ فارم سے ڈاکٹرز کمیونٹی کے حقوق، ڈاکٹر ماہ نور کو انصاف کی فراہمی اور ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کے تحفظ کے حصول کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ YDA بلوچستان اساتذہ کی اس حمایت کو کمیونٹی کے اتحاد اور پیشہ ورانہ وقار کی فتح سمجھتی ہے اور یقین رکھتی ہے کہ اساتذہ اور ینگ ڈاکٹرز مل کر بلوچستان کے صحت کے نظام میں بہتری اور ڈاکٹرز کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں