کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے گزشتہ رات کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں دہشت گرد عناصر کی جانب سے کی جانے والی تخریبی کارروائی کی پرزور الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ مسلح گروہوں کی جانب سے نہتے عوام کو نشانہ بنایا جانا ناروا اور قابلِ تشویش عمل ہے۔ میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مقامی قبائل کے تعاون سے ان غیر ریاستی عناصر کے قلع قمع کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں اور جلد ان کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

