کوئٹہ (این این آئی) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری احمد علی کوہزاد نے ایچ ڈی پی کے کارکنوں حامیوں اور دنیا بھر میں مقیم ہزارہ قوم کو پارٹی کی تئیسویں یوم تاسیس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اپنے قیام سے لیکر آج تک ہزارہ قوم میں سیاسی و جمہوری کلچر کے فروغ کیلئے کام کیا ہے ہم نے پارٹی قیادت کے اعلی ترین منصب تک ایک عام کارکن کی رسائی کو ممکن بنانے کیلئے آئیڈیل کردار ادا کی ہے ملک اور صوبے کی جمہوری سیاست میں ایچ ڈی پی ان چند ایک جماعتوں میں شامل ہے کہ جس کی قیادت بھی ایک عام کارکن کی حیثیت سے عوام میں کام کرتا رہا ہے۰ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی کے تئیسویں یوم تاسیس اور حلقہ کونسلوں کے انتخابات کے سلسلے میں منعقد ہونے والے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۰ اس موقع پر پارٹی کے نائب چئیرمین مرزاحسین ہزارہ، رکن مرکزی کونسل محمد زمان دہقانزادہ اور دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۰ رہنماوں نے کہا کہ جولائی 2003 کو جب پارٹی کا قیام عمل میں لایا جارہاتھا تب بھی کوئٹہ شہر میں قتل و غارت گری کا راج تھا ہزارہ نسل کشی کا آغا ہوا تھا اسی دوران 4 جولائی کا واقعہ رونما ہوا تھا جو بیس سال تک جاری رہا اور آج بھی کوئٹہ سمیت پورہ صوبہ جل رہا ہے کوئی نہیں جو ان حالات پر قابو پاسکیں بیساکیوں پر چلنے والے جعلی حکومت اور فارم 47 کے اراکین اسمبلی اپنے علاقوں تک نہیں جاسکتے قومی شاہراہیں غیر محفوظ اور حالات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کنٹرول سے باہر ہوچکی ہیں ۰ انھوں نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے بعد زیارت میں پولیس تھانوں پر حملہ درجنوں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور بڑی تعداد میں اہلکاروں کے لاپتہ ہونے پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے یہ کیسی حکومت ہے کہ جو اپنے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی داد رسی نہیں کرسکتا جن کی حکمرانی میں عوام اور قانون کے محافظ ایک ہی طرح سے غیر محفوظ ہیں ۰ جس طرح کے حالات بنائے جارہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ عوام اپنی خیر کی دعا مانگیں ۰ پارٹی رہنماوں نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی زمہ داری ہے جسے پورہ کرنے کیلئے ہر ادارے کو اپنے فرائض دیانت داری کے ساتھ ادا کرنا چاہئیے۰ مگر شومئی قسمت اب جس طرح کے حالات بن گئے ہیں اس سے لگتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الگ سے محافظوں کی ضرورت پڑ گئی ہیں ۰ انھوں نے کہا کہ حالات کی درستگی کے لئے ضروری ہے کہ حقیقی عوامی قیادت کو سامنے لایا جائے دو نمبر اور جعلی قیادت مسائل کا حل نہیں بلکہ یہ بذات خود مسئلے ہیں ان جعلی لوگوں میں عوام کا سامنا کرنے کی اخلاقی جرات تک موجود نہیں ۰ اگر انتخابات 2024 میں نتائج عوامی رائے کے مطابق دئیے جاتے اور حقیقی لوگوں کو اسمبلیوں تک جانے کا موقع ملتا تو آج حالات مختلف ہوتے ریڈ زون سمیت کسی کو بھی سیکورٹی حصار میں نہ رہنا پڑتا اور عوامی لوگوں کو تو عوام سے کسی طرح کا خوف نہیں ہوتا۰ انھوں نے کارکنوں کو حلقہ کونسلوں کے انتخابات میں فعال افراد کے انتخاب کی تاکید کرتے ہوئے بھرپور طور پر شرکت کی تاکید کی۰ پارٹی رہنماوں نے ہنہ اوڑک اور زیارت کے شہدا کیلئے دعائے مغفرت کی اور انکے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مغوی اہلکاروں کی بحفاظت واپسی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۰

