مکران کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل،انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع کی ضرورت ہے،سید تیمور شاہ

تربت(این این آئی)پاکستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے مرکزی رہنما سید تیمور شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں، جبکہ ترقی وہی قومیں کرتی ہیں جو اپنے نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر، روزگار کے مواقع اور باوقار ماحول فراہم کرتی ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان، خصوصاً مکران کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں، تاہم انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بہتر مواقع کی ضرورت ہے۔ حکومت نوجوانوں کے لیے روزگار، فنی تربیت، تعلیم اور کاروباری مواقع پیدا کرے تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنے مستقبل کی تعمیر کر سکیں۔سید تیمور شاہ نے مزید کہا کہ پاکستان نیشنل پارٹی (عوامی) نوجوانوں کو قومی ترقی کا بنیادی ستون سمجھتی ہے اور ایسی پالیسیوں کی حمایت جاری رکھے گی جو انہیں بااختیار بنانے، یکساں مواقع فراہم کرنے اور ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور پْراعتماد نوجوانوں پر استوار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں