کوئٹہ(این این آئی)پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے فوکل پرسن و مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے زیارت اور ہنہ اوڑک میں دہشت گردوں کے حملے میں بے گناہ پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے بلوچستان میں امن و استحکام کوسبوتاژ کرنا چاہتے ہیں لیکن سیکورٹی ادارے انکی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے۔ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے بیان میں چوہدری نعیم کریم نے مانگی فیز تھری میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں 9پولیس اہلکاروں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے حملے کے بعد سیکورٹی فورسز کے کلیرنس آپریشن کے دوران 15دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پولیس،ایف سی اوردیگرسیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں قبائل پر دہشت گردوں کے حملے میں 5شہریوں کی شہادت کی بھی مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اوردہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں اور پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے دہشت گرد عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انکے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون کا ہر قطرہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن کے قیام کے قومی عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اورشہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

