ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا کا ضلع صحبت پور کا اہم دورہ، امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ ) ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج کامران نواز پنجوتھا نے ضلع صحبت پور کا اہم دورہ کیا، جہاں ایس پی آفس پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ایس پی صحبت پور خلیل اللہ کاکڑ نے روایتی ٹوپی اور اجرک پیش کرکے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران ڈی آئی جی کی زیر صدارت ضلع کے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کا اہم کرائم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سنگین جرائم، زیرِ تفتیش مقدمات، اشتہاری و مفرور ملزمان کی گرفتاری، منشیات فروشوں کے خلاف جاری کارروائیوں اور پولیس کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی کامران نواز پنجوتھا نے ہدایت کی کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے، مقدمات کی شفاف، غیر جانبدار اور بروقت تفتیش مکمل کی جائے، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں مزید تیزی لائی جائے اور جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔

بعد ازاں انہوں نے تھانہ شہید ملک محمد علی کا دورہ کیا، جہاں تھانے کے مختلف شعبہ جات، سرکاری ریکارڈ، حوالات، عمارت اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پولیس تنصیبات، تھانوں، ناکہ بندیوں اور اہم سرکاری و عوامی مقامات کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے، گشت کے نظام کو مؤثر بنانے اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

ڈی آئی جی نے پولیس افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں اور ضلع میں پائیدار امن و امان کے قیام کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں