بلوچستان میں 250افرادگاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹس کے شوقین نکلے

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان میں 250افرادگاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹس کے شوقین نکلے،اپنی گاڑیوں کیلئے من پسند نمبروں کے حصول کیلئے آن لائن درخواستیں دے دیں،محکمہ ایکسائز نے شہریوں کی دلچسپی کومدنظر رکھتے ہوئے درخواست دینے کی آخری تاریخ پندرہ جولائی تک بڑھا دی۔سیکرٹری محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن بلوچستان سید ظفر علی نے بتایا کہ صوبے کے لوگوں نے محکمے کی جانب سے گاڑیوں کی منفردنمبر پلیٹ کی نیلامی میں بڑی دلچسپی کا اظہار کیا ہے یکم جون سے تیس جون تک 250سے زائد افراد نے اپنی من پسند نمبر پلیٹ کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرائی ہیں شہریوں کی دلچسپی کومدنظر رکھتے ہوئے درخواست دینے کی آخری تاریخ پندرہ جولائی تک بڑھا دی گئی ہے۔ سیکرٹری ایکسائز نے بتایا کہ محکمہ شہریوں کے اپنے نام،برانڈ،قبیلہ اور پسندیدہ نمبر پلیٹ متعارف کر ارہا ہے شہری تیس لاکھ سے پچاس لاکھ روپے کی رقم کی ادائیگی کے بعد اپنے نام کی نمبر پلیٹ حاصل کرسکیں گے،رجسٹرڈ کمپنیز اور فرمزبھی اپنے نام،برانڈ اور لوگو کی پلیٹس حاصل کرسکتی ہیں اس کے لئے انہیں پانچ لاکھ سے دس لاکھ روپے ادا کرنا پڑیں گے ای نیلامی کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ پندرہ جولائی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں