کوئٹہ(این این آئی) ضلع سوراب کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی مسافر بسوں پر فائرنگ دو مسافر زخمی ہو گئے،پولیس کے مطابق پیر کو سوراب کے علاقے سہر چیل، کلغلی میں پنجگور سے کوئٹہ آنے والی دومسافر بسوں پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔جس کے نتیجے میں ایک بس کے ٹائر گولیاں لگنے سے پھٹ گئے، جبکہ دوسری بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں دو مسافر زخمی ہوئے جن کی شناخت صلاح الدین ولد عبد الکریم (عمر 35 سال) اور صبین دختر حفیظ اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔واقعہ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ریسکیو 1122 کے ذریعے طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر اور مستحکم بتائی گئی ہے۔ایس ایچ او صدر پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، علاقے کو محفوظ بنا کر شواہد اکٹھے کیے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

