کوئٹہ(این این آئی) زیارت میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بلوچستان بار کونسل اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام وکلاء نے احتجاجی ریلی نکالی اور دہشت گردی کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ اور شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو بلوچستان بار کونسل اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کی قیادت میں ریلی ضلعی کچہری سے شروع ہوئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئلہ پھاٹک پر جاری دھرنے کے مقام تک پہنچی، جہاں وکلاء نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔احتجاجی ریلی میں مرد اور خواتین وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف اور شہدا کے لواحقین سے یکجہتی کے حق میں نعرے بازی کی۔اس موقع پر وکلاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔

