جھل مگسی، جولائی،اگست کے شدید گرم موسم میں دن کے وقت بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھایا جائے،عوامی و سماجی حلقوں کا مطالبہ

گنداواہ جھل مگسی(این این آئی) گنداواہ شہر میں 50 سینٹی گریڈ تک پہنچنے والی جھلسا دینے والی گرمی کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں جولائی اور اگست کے دو ماہ کے دوران دن کے وقت بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھایا جائے۔ اس وقت گنداواہ شہر میں دن کے اوقات میں صرف تین گھنٹے، دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جو شدید گرمی کے پیش نظر ناکافی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت 50 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے باعث بچے، بزرگ، خواتین اور بیمار افراد شدید اذیت کا شکار ہیں۔ شہر کی بڑی آبادی مالی طور پر کمزور ہے اور بیشتر گھروں میں سولر سسٹم یا بجلی کا متبادل انتظام موجود نہیں، جس کے باعث طویل لوڈشیڈنگ عوام کے لیے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہو رہی ہے۔شہریوں نے مزید بتایا کہ ظہر کی نماز کا وقت تقریباً ڈھائی بجے ہوتا ہے اور نماز کی ادائیگی کے فوراً بعد تین بجے بجلی منقطع ہو جاتی ہے، جس سے بچوں کی قرآن مجید کی تعلیم بھی متاثر ہوتی ہے، جبکہ گھریلو امور، کاروبار اور روزمرہ زندگی کے دیگر معاملات بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف جولائی اور اگست کے مہینوں کے لیے دن کے وقت بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھاتے ہوئے دوپہر 12 بجے سے شام 6 بجے تک بجلی فراہم کی جائے، تاکہ شدید گرمی میں شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف مل سکے۔عوام نے امید ظاہر کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ، ایل ایس کیسکو گنداواہ عمران علی راہوجہ اور دیگر متعلقہ حکام انسانی ہمدردی اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس جائز مطالبے پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں