مولانا فضل الرحمٰن کا مؤقف آئین، جمہوریت اور قانون کی بالادستی پر مبنی ہے،حافظ منیر حسین احمد

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما حافظ منیر حسین احمد نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج، پولیس اور دیگر تمام سول شہداء پوری قوم کے لیے باعث فخر اور قابل احترام ہیں ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ شہداء کے نام کو بنیاد بنا کر آئین شکنی یا غیر آئینی اقدامات کا جواز پیش کرنا درست نہیں، جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ آئین، جمہوریت اور قانون کی بالادستی کی حمایت کی ہے اور ہر قسم کی آئین شکنی کی ماضی میں بھی مخالفت کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے ہمیشہ دلیل، آئین اور جمہوری اصولوں کی روشنی میں موقف اختیار کیا ہے بعض حلقوں کی جانب سے ان کی حالیہ گفتگو پر تنقید کی جارہی ہے، تاہم درباری سیاست دانوں کی پریس کانفرنسیں نہ پہلے حقائق کو بدل سکی ہیں اور نہ آئندہ بدل سکیں گی، انہوں نے کہا کہ بعض ترجمان ایسے ہیں جن کی سیاست وقت اور حالات کے ساتھ تبدیل ہوتی رہی ہے اسی وجہ سے عوام ان کی سیاسی وابستگیوں پر سوال اٹھاتے ہیں اگر کوئی عوامی حمایت کا دعویٰ کرتا ہے تو اسے عوامی رائے اور سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے ردعمل کا بھی جائزہ لینا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی حالیہ تقریر نے ان سیاسی جماعتوں کے طرز عمل پر بھی سوالات کھڑے کیے ہیں جو ایک جانب جمہوریت اور آئین کی بات کرتی ہیں مگر بعض مواقع پر ان کا عملی رویہ ان دعوؤں سے مختلف دکھائی دیتا ہے، حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کا موقف واضح ہے کہ ملک کے تمام قومی اداروں کا احترام، شہداء کی قربانیوں کا اعتراف، آئین کی بالادستی اور جمہوری نظام کا استحکام ہی پاکستان کی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں