چاغی (این این آئی)پاک ایران تفتان پاسپورٹ گیٹ کی طویل بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگی صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان کی جانب سے عام شہریوں کے لیے تفتان پاسپورٹ گیٹ بند کیا گیا تھا، اور اس بندش کو اب ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔گزشتہ ماہ حکومتِ پاکستان نے تفتان پاسپورٹ گیٹ صرف تاجروں کے لیے کھول دیا، تاہم عام شہریوں کے لیے یہ تاحال بند ہے۔پاک۔ایران سرحدی علاقوں میں دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان قریبی رشتہ داریاں موجود ہیں، جس کے باعث لوگوں کو غمی اور خوشی کے مواقع پر ایک دوسرے کے ہاں آنا جانا پڑتا ہے۔ لیکن پاسپورٹ گیٹ کی بندش کے باعث عام پاکستانی شہری سفر کرنے سے محروم ہیں اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرہ شہریوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ تفتان پاسپورٹ گیٹ عام شہریوں کے لیے بھی فوری طور پر کھولا جائے تاکہ لوگ آسانی کے ساتھ آمد و رفت کر سکیں اور طویل عرصے سے جاری مشکلات کا خاتمہ ہو۔

