ضلعی انتظامیہ کی گرانفروشوں اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے پر کارروائی25افراد گرفتار، جیل منتقل

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں گرانفروشوں اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 25 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا، جبکہ متعدد دکانداروں کو سخت وارننگ بھی جاری کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے کچلاک، سریاب، کاسی روڈ، گوالمنڈی چوک اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے گوشت فروشوں، تندوروں، ملک شاپس سمیت مختلف کاروباری مراکز کا معائنہ کیا۔ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد نہ کرنے، زائد قیمت وصول کرنے اور دیگر خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے واضح کیا ہے کہ عوام کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں پر فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور گرانفروشی کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں