آر ڈی ایم سی ایک باصلاحیت، مسابقتی اور پائیدار مقامی سپلائر بیس کی تشکیل کے لیے پْرعزم ہے، آر ڈی ایم سی کے منیجر سپلائی چین، جوآن اینسلن

نوکنڈی(این این آئی) ریکوڈک مائننگ کمپنی(RDMC)نے نوکنڈی میں اپنا پہلا وینڈر کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا، جو مقامی کاروباروں کی استعداد کار بڑھانے اور بالخصوص ضلع چاغی سمیت بلوچستان کے سپلائرز کی ریکوڈک منصوبے سے وابستہ خریداری کے مواقع میں مؤثر شرکت کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔اس تربیتی پروگرام کے ذریعے مقامی وینڈرز کو عملی معلومات اور مہارتیں فراہم کی گئیں تاکہ وہ آر ڈی ایم سی کے خریداری(Procurement)کے طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں، خریداری سے متعلق تقاضوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کر سکیں، اور منصوبے سے وابستہ کاروباری مواقع کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے قابل بن سکیں۔پروگرام کے پہلے مرحلے میں آر ڈی ایم سی کے ترجیحی علاقہ اول(P1)سے تعلق رکھنے والی دس کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ جن میں ہْمئے، مشکی چاہ، دوربن چاہ، نوکچاہ، حمل آپ، کرتاکہ اور کچھاؤ شامل ہیں۔ مقامی سپلائرز کی ترقی کے اپنے مسلسل عزم کے تحت آر ڈی ایم سی اگلے مرحلے میں اس پروگرام کا دائرہ ترجیحی علاقہ دوم(P2)تک وسعت دے گی، جس میں تفتان، سیندک، نوکنڈی، یک مچ، دالبندین اور چاغی ٹاؤن شامل ہیں، تاکہ مزید مقامی تاجروں کو منصوبے سے متعلق خریداری کے مواقع میں مؤثر شرکت کے لیے درکار صلاحیتیں فراہم کی جا سکیں۔چار روزہ تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو آر ڈی ایم سی کی خریداری پالیسیوں اور طریقہ کار، ARIBA Networkکے ذریعے سپلائر رجسٹریشن اور سورسنگ، درخواست برائے قیمت (RFQ)، بولی (Bid) کی تیاری، تکنیکی تصریحات، بلز آف کوانٹٹیز (BOQs)، لاجسٹک تقاضوں، ٹیکسیشن، انوائسنگ اور ادائیگی کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ بولیوں کے جائزے کے دوران ہونے والی خامیوں اور ان سے بچنے کے مؤثر طریقوں سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں