ہنگو میں بارودی دھماکہ، امن کمیٹی کے رکن حاجی ملک عزت گل جاں بحق،یک راہ گیر زخمی، تحقیقات شروع

کوہاٹ (این این آئی)ہنگو میں شاہو خیل روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کیے گئے مبینہ بارودی مواد کے دھماکے میں ہنگو امن کمیٹی کے رکن اور قبائلی ضلع اورکزئی سے تعلق رکھنے والے ممتاز قبائلی رہنما حاجی ملک عزت گل جاں بحق جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہو گیا۔پولیس اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ شاہو خیل روڈ پر کڑپہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب حاجی ملک عزت گل اپنی ڈبل کیبن پک اپ گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ اس دوران سڑک کنارے نصب مبینہ بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور حاجی ملک عزت گل سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم حاجی ملک عزت گل راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ زخمی راہ گیر کو ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حاجی ملک عزت گل کا تعلق قبائلی ضلع اورکزئی کے شیخان قبیلے سے تھا۔ وہ ہنگو امن کمیٹی کے سرگرم رکن تھے اور قبائلی اضلاع اورکزئی اور کرم میں امن و امان کے قیام، جرگوں کے انعقاد اور عوامی مسائل کے حل میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں