حکومت،وزیر اعلیٰ بلوچستان کی عدم توجہی،نااہلی کے باعث عوام کو رہزنوں،مسلح افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد، مفتی رضا خان، حاجی ظفراللہ کاکڑ، میر سرفراز شاہوانی، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولانا سید سعداللہ آغا اور مولوی نقیب اللہ ملاخیل نے کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر عوامی ٹرانسپورٹ میں مسلسل بڑھتی ہوئی لوٹ مار، رہزنی اور مسلح افراد کے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے لیکن بدقسمتی سے صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی عدم توجہی اور نااہلی کے باعث عوام کو رہزنوں اور مسلح افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دوسرے دن مسافر بسوں کو لوٹا جا رہا ہے، خواتین اور بچے خوف کا شکار ہیں اور کوئی بھی خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہا، جس سے عوام میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ صوبائی حکومت فوری طور پر شاہراہ پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کرے، گشت بڑھایا جائے، ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوامی ٹرانسپورٹ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں