راویکا اپنے شوہر کے ساتھ سالگرہ کی تعطیلات منا رہی تھیں جب انھیں اپنے فٹنس ٹریکر سے ایک غیر معمولی اطلاع موصول ہوئی۔
ان کے اُورا رنگ نے بتایا کہ ان کا ہیلتھ سکور خراب ہے۔ ان کی دل کی دھڑکن بڑھ گئی تھی، جسمانی درجہ حرارت تیز تھا اور دل کی دھڑکن میں تغیر کم ہو گیا تھا۔
تاہم راویکا خود کو بالکل ٹھیک محسوس کر رہی تھیں۔
جب ایک ہفتے بعد بھی اعدادوشمار میں بہتری نہ آئی تو ویسٹ مڈلینڈز سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ سالیسٹر نے آن لائن تحقیق کی اور خواتین کی ایک ایسی کمیونٹی دریافت کی جن کا کہنا تھا کہ ان کے فٹنس ٹریکرز نے جمع کیے گئے ڈیٹا کی بنیاد پر انھیں حاملہ ہونے کے اشارے دیے تھے۔
ایک ہفتے بعد ان کا حمل کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
راویکا کا کہنا ہے کہ ان کے اورا رنگ نے ان کے خراب ہیلتھ اسکور کی نشاندہی کی تھی، حالانکہ وہ خود کو بالکل ٹھیک محسوس کر رہی تھیں،تصویر کا ذریعہRavika
،تصویر کا کیپشنراویکا کا کہنا ہے کہ ان کے اورا رنگ نے ان کے خراب ہیلتھ اسکور کی نشاندہی کی تھی، حالانکہ وہ خود کو بالکل ٹھیک محسوس کر رہی تھیں
لیکن پیٹ میں درد اور فون پر موصول ہونے والی ایک اطلاع، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کا جسم شدید دباؤ کا شکار معلوم ہوتا ہے، کے بعد وہ ڈاکٹر کے پاس گئیں۔
انھیں بتایا گیا کہ 10 دن بعد دوبارہ آئیں تاکہ یہ معلوم کرنے کے لیے ٹیسٹ کیے جا سکیں کہ حمل صحت مند ہے یا نہیں۔
یہ انتظار اذیت ناک تھا اور اس دوران وہ بے چینی کے عالم میں اپنے فٹنس ٹریکر کے اعدادوشمار بار بار چیک کرتی رہیں، ہر روز صبح چار بجے جاگ جاتیں۔

