کوئٹہ۔ 23 جولائی:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں یہ ایک اہم کامیابی ہے اور حکومت بلوچستان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والوں میں سہولت کاروں کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں، جو دہشت گرد تنظیم کے مذموم عزائم کا واضح ثبوت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں تباہ کی گئیں اور ان کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر انٹیلیجنس کو ظاہر کرتا ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حالیہ دہشت گرد کارروائیوں کے بعد مستونگ اور گردونواح میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز مزید مؤثر اور تیز کیے گئے ہیں، جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دہشت گرد کو فرار ہونے کا موقع نہ مل سکے ۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں رہے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان وفاقی حکومت اور تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

