کوئٹہ ۔ 23 جولائی2026ء: بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے بورڈ کا دوسرا اجلاس جمعرات کو بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کے کانفرنس روم، کوئٹہ میں چیئرپرسن کرن بلوچ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں کمیشن کی ادارہ جاتی مضبوطی، انتظامی امور، پالیسی سازی اور آئینی و قانونی مینڈیٹ پر موثر عملدرآمد سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بورڈ نے خواتین کو بااختیار بنانے، صنفی بنیاد پر تشدد کی روک تھام، خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ، قانونی آگاہی کے فروغ، ادارہ جاتی اصلاحات، استعدادِ کار میں اضافے اور بلوچستان کے تمام اضلاع میں آگاہی اور رسائی کے پروگراموں کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا۔
اجلاس کے دوران بورڈ نے مختلف ایجنڈا نکات پر غور کے بعد متعدد اہم فیصلوں اور سفارشات کی منظوری دی۔
بورڈ کے اراکین نے چیئرپرسن کرن بلوچ کی بصیرت افروز قیادت، پیشہ ورانہ صلاحیت، انتھک محنت اور غیر معمولی کاوشوں کو متفقہ طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل اور مختصر مدت کے باوجود انہوں نے کمیشن کو ایک فعال، موثر اور مضبوط ادارے کے طور پر منظم کرنے میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔چیئرپرسن محترمہ کرن بلوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن تمام متعلقہ اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور سول سوسائٹی کے تعاون سے خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی کوششیں مزید موثر انداز میں جاری رکھے گاانہوں نے کہا کہ صنفی مساوات، خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے، وراثتی حقوق کے تحفظ اور قانونی آگاہی کا فروغ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک کمیشن کی خدمات اور آگاہی پروگرام پہنچیں تاکہ ہر خاتون اپنے حقوق سے آگاہ ہو اور انہیں موثر انداز میں استعمال کر سکے۔

