مستونگ،گاڑی پر فائرنگ، سیشن جج سمیت 2 افراد جاں بحق، ایڈیشنل سیشن جج زخمی

مستونگ /کوئٹہ۔ 23 جولائی2026ء: مستونگ کے علاقے ولی خان میں نامعلوم افراد کی جانب سے سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایڈیشنل سیشن جج زخمی ہوگئے ۔ڈی پی او اللہ بخش بلوچ کے مطابق فائرنگ سے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کا گن مین جاں بحق ہو گئے، فائرنگ سے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی پی او کے مطابق سیشن جج اور ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ سے سیشن کورٹ مستونگ آ رہے تھے، واقعہ کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔زخمیوں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔اپنے بیان میں وزیرِ اعلی بلوچستان نے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ ریاست پر حملہ ہے، دہشت گردوں کو ہر قیمت پر انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

دریں اثناء سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ موثر کارروائیاں جاری ہیں، مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد مارے گئے۔سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران متعدد دہشتگرد گرفتار کیے گئے، گرفتار دہشتگردوں میں سہولتکار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں، کارروائی میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے گئے، دہشت گردی کے خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں