کوئٹہ: معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کے محافظوں پر حملہ دراصل ریاست کی رٹ اور نظامِ انصاف کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا شاہد رند نے کہا کہ وکلائ اور ججز کو نشانہ بنانا ایک گہری اور منظم سازش کا حصہ ہے جس کا مقصد بلوچستان میں خوف و ہراس پھیلانا اور ریاستی اداروں کو دباؤ میں لانا ہے، تاہم حکومت ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لا کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن دشمن عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ریاست دشمن عناصر کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی اور دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا شاہد رند نے کہا کہ شہدائ کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ حکومت بلوچستان شہدائ کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک تمام ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی اور بلوچستان کے امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

