دہشت گردی واقعہ میں زخمی ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر مستونگ دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کو بہتر علاج معالجے کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کر دیا گیا ہے معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری مستونگ میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں زخمی ہوئے تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے زخمی ایڈیشنل سیشن جج کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل سیشن جج کو سی ایم ایچ منتقل کیا گیا تاکہ انہیں اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات اور خصوصی نگہداشت فراہم کی جا سکے انہوں نے کہا کہ زخمی ایڈیشنل سیشن جج کے علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی اور ان کی مکمل صحت یابی تک ہر ممکن طبی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس مشکل گھڑی میں عدلیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے محافظوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں