سیر کے بعد ناران سے واپسی پر پنجاب یونیورسٹی کی بس کھائی میں جاگری، 21 افراد زخمی

مانسہرہ: ناران سے واپسی کے دوران پنجاب یونیورسٹی کے ملازمین کو لے جانے والی بس مانسہرہ کے علاقے ڈمگلہ کے مقام پر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں بس میں سوار 21 افراد زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد علاقے میں امدادی سرگرمیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں اور ریسکیو 1122 کی متعدد میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو 1122 حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، بعد ازاں تمام زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بالاکوٹ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا ابتدائی طبی معائنہ کیا، زخمیوں میں سے متعدد کو مزید بہتر اور خصوصی طبی سہولیات کی ضرورت کے پیش نظر ریسکیو ایمبولینسز کے ذریعے کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد پنجاب یونیورسٹی کے ملازمین ہیں، جو ناران کے تفریحی دورے سے واپس آ رہے تھے، زخمیوں میں ندیم سلیمان، سید وقار علی، جنید، محمد عرفان، فرقان، یونس، شکیل احمد، محمد ارشد، محمد ریاض، شوکت، عدنان، حافظ رشید، عبدالجبار، نذیر رشید، تنویر حسین، محمد انور، محمد صدیق، نعمان علی، محمد اسحاق، ندیم اور فیاض شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات میں معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں، تاہم متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ بس کھائی میں گرنے کی اصل وجہ کیا تھی، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بروقت امدادی کارروائیوں کے باعث تمام زخمیوں کو جلد طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جس سے مزید جانی نقصان سے بچنے میں مدد ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں