ضلع بارکھان میں امن و امان کی صورتحال مؤثر بنانے کے لئے جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل

کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن اور انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان کی ہدایات اور ڈی آئی جی کوہِ سلیمان ڈویژن ایاز احمد بلوچ کی نگرانی میں ضلع بارکھان میں امن و امان کی صورتحال مزید مؤثر بنانے اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
بارکھان پولیس کی جانب سے جدید سی سی ٹی وی کیمرے شہر کے داخلی و خارجی راستوں، مرکزی بازار، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر نصب کیے گئے ہیں تاکہ شہر بھر کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بارکھان رئیس عبدالحق نے کہا کہ جدید نگرانی کے اس نظام سے جرائم کی بروقت نشاندہی، مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی میں نمایاں مدد حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو بھی مزید یقینی بنایا جا سکے گا۔ جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، بارکھان پولیس عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ امن و امان کے قیام میں پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارکھان کو جرائم سے پاک اور محفوظ ضلع بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ اور پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں