کوئٹہ: بلوچستان رائٹرز گلڈ (برگ)کے زیر اہتمام تقریب، بلوچستان میڈیا فورم کے صدر قیوم بلوچ و دیگر کا خطاب

کوئٹہ : بلوچستان کے صحافیوں، ادبی شخصیات اور شعراء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل، محرومیوں، ثقافتی ورثے اور زمینی حقائق کو ذمہ دارانہ انداز میں قومی سطح پر اجاگر کیا جائے گا تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچ سکیں۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آگیا ہے کہ صحافی، ادیب اور اہلِ قلم اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے متحد ہو کر عملی جدوجہد کریں اور بلوچستان کی پرنٹ میڈیا کی بقاء اور آزادیٔ صحافت کے لیے صفِ اول کا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان میڈیا فورم کے صدر قیوم بلوچ، مدیر اصغر بلوچ، معروف شعراء، ادیب، کالم نویس شخصیات چیئرمین شیخ فرید، پروفیسر جوہر بنگلزئی، ملک ریاض بلوچ، شاہین بارانزئی، محترمہ صدف غوری، محترمہ فائزہ شکیل اور ارباب قربان ایری نے بلوچستان میڈیا فورم کے صدر قیوم بلوچ اور ان کے ساتھیوں کے اعزاز میں منعقدہ عصرانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام بلوچستان رائٹرز گلڈ (برگ) کی جانب سے کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے پرنٹ میڈیا، صحافیوں، شعراء اور ادیبوں نے ہمیشہ محدود وسائل کے باوجود معاشرے میں شعور، امن، رواداری اور مثبت سوچ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج یہی طبقہ شدید معاشی مشکلات، بے روزگاری، کتابوں کی اشاعت میں رکاوٹوں، ادبی سرگرمیوں کے فقدان، سرکاری سرپرستی کی کمی اور اخبارات کو درپیش مالی بحران جیسے سنگین مسائل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد اہلِ قلم اپنی معیاری تخلیقات کے باوجود وسائل نہ ہونے کے باعث کتابیں شائع نہیں کرا سکتے، جبکہ نوجوان شعراء اور ادیبوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مناسب پلیٹ فارم بھی میسر نہیں۔ اسی طرح بلوچستان کے علاقائی اخبارات اور صحافی معاشی دباؤ، اشتہارات کی غیرمنصفانہ تقسیم اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جس سے آزاد صحافت بھی متاثر ہو رہی ہے۔ مقررین نے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کے استحکام کے لیے مؤثر میڈیا پالیسی مرتب کی جائے، اخبارات کو ان کا جائز حق دیا جائے، ادیبوں اور شعراء کی سرپرستی کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا جائے، کتابوں کی اشاعت، ادبی میلوں، مشاعروں اور ادبی نشستوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ نئی نسل کو مثبت ادبی اور فکری سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔اس موقع پر بلوچستان میڈیا فورم اور بلوچستان رائٹرز گلڈ (برگ) کے درمیان صحافت، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ صحافی، ادیب اور شعراء متحد ہو کر بلوچستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے، آزادیٔ صحافت کے تحفظ، اہلِ قلم کے حقوق کے حصول اور پرنٹ میڈیا کی بقاء کے لیے اپنی جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر اعزازی شیلڈ اور تصانیف نگاروں کے نئی اعزازی کتابیں بھی تقسیم کیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں