صحبت پور : صحافیوں کا احتجاج، صحافیوں پر درج مبینہ جھوٹے مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ

صحبت پور ( عطا محمد کھوسہ ) : صحافیوں کا احتجاج، صحافیوں پر درج مبینہ جھوٹے مقدمات ختم کرنے کا مطالبہ
یونین آف جرنلسٹس صحافتی اتحاد صحبت پور کے چیئرمین صفدر حسین کھوسہ، صدر جمل بلوچ، جنرل سیکرٹری رحمت اللہ کھوکھر، سینئر نائب صدر سردار بنگلزئی، نائب صدر علی بمبل اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں صحافی برادری نے ڈسٹرکٹ پریس کلب صحبت پور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے ڈی ایچ او صحبت پور اور پولیس کی جانب سے صحافی ہوران جکھرانی اور صحافی عبدالغفار سومرو کے خلاف درج مبینہ جھوٹی ایف آئی آرز کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مقدمات کے فوری خاتمے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر صحافیوں پر جھوٹے مقدمات درج کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا اور ہوران جکھرانی و عبدالغفار سومرو کے خلاف درج ایف آئی آرز فوری طور پر واپس نہ لی گئیں تو صحافی برادری آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے ڈویژن اور صوبائی سطح پر احتجاج کا دائرہ وسیع کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ صحافی حق اور سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے، گرفتاریوں یا دباؤ سے نہیں ڈریں گے، کیونکہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی اور جمہوری حق ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ مقدمات کی غیرجانبدار اور شفاف انکوائری کرائی جائے اور بے گناہ صحافیوں کو فوری انصاف فراہم کیا جائے۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج میں مزید شدت لائی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور صحبت پور پولیس پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں