کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کیچ میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کے ہاتھوں چھ بے گناہ مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے عناصر انسانیت، بلوچستان اور پاکستان کے دشمن ہیں وزیر اعلیٰ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ شہید ہونے والے مزدور کسی ایک قوم، زبان یا صوبے سے نہیں بلکہ پاکستان کے شہری تھے۔
دہشتگردوں نے پنجابیوں کو نہیں بلکہ بے گناہ پاکستانیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کو قومیت کا رنگ دینا دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو تقویت دینے کے مترادف ہوگا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ قوم کی روایات مہمان نوازی، بھائی چارے، عزت اور انسانیت کے احترام پر مبنی ہیں۔
نہتے اور بے گناہ شہریوں کا قتل بلوچ روایات کا حصہ نہیں بلکہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی سفاک سوچ کی عکاسی کرتا ہے، جن کا مقصد بلوچستان اور پاکستان میں نفرت، خوف اور انتشار پھیلانا ہے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد بلوچستان کی ترقی، امن اور قومی یکجہتی کے دشمن ہیں اور ریاست ایسے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ معصوم پاکستانیوں کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشتگرد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے میر سرفراز بگٹی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور سوگوار خاندانوں کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

