کوئٹہ : کیپٹن وقار کاکڑ شہید بلوچستان ریزیڈنشل کالج (بی آر سی) لورالائی کے جماعت نہم اور دہم کے طلبہ نے تعلیمی و مطالعاتی دورے کے سلسلے میں یونیورسٹی آف لورالائی کا دورہ کیا۔طلبہ کے وفد کے ہمراہ کالج کے اساتذہ پروفیسر احسان اور پروفیسر ذوالفقار بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران طلبہ نے یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ سے ملاقات کی۔
وائس چانسلر نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کو اپنی ترجیح بنائیں، جدید علوم سے استفادہ کریں اور اپنی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم نوجوان نسل کی فکری، اخلاقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کا مؤثر ذریعہ ہے اور یہی ملک کی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہے۔
بعد ازاں وائس چانسلر کے پرنسپل اسٹاف آفیسر ڈاکٹر خالد خان نے طلبہ کو یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔
اس موقع پر طلبہ کو جامعہ کے تعلیمی پروگراموں، جدید تدریسی سہولیات، سائنسی تجربہ گاہوں، مرکزی لائبریری، تحقیقی سرگرمیوں اور طلبہ کے لیے دستیاب مختلف سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مطالعاتی دورے کے دوران طلبہ نے مختلف شعبوں، لیبارٹریوں اور دیگر تعلیمی مراکز کامشاہدہ کیا اور جامعہ میں فراہم کی جانے والی تعلیمی و تحقیقی سہولیات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا کہ ایسے مطالعاتی دوروں کا مقصد طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع، تحقیقی سرگرمیوں اور جدید تعلیمی ماحول سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ مستقبل میں بہتر تعلیمی فیصلے کرنے کے قابل ہو سکیں۔

