کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے اپنی رہائش گاہ جتک ہاؤس، آصف آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے حلقہ انتخاب سے آنے والے مختلف علاقوں کے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و شکایات براہِ راست سنیں۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے علاقوں میں درپیش مختلف مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔
حاجی علی مدد جتک نے عوامی مسائل کو غور سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ حکام سے رابطہ کرتے ہوئے مسائل کے فوری اور موثر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ عوامی خدمت اور شہریوں کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو براہِ راست اپنی شکایات اور مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے مسائل کو بروقت متعلقہ اداروں تک پہنچا کر عملی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

