،وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی انجینئرنگ تعلیمی اصلاحات ٹاسک فورس کے مشیر نامزد

کوئٹہ : بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز نے ایک اور اہم قومی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ جامعہ کے وائس چانسلر، انجینئر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ کو پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کی جانب سے ملک میں انجینئرنگ تعلیم کے نظام، نصاب اور تدریسی طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے قائم کی گئی اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس برائے انجینئرنگ ایجوکیشن ریفارمز کا مشیر نامزد کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چئرمین انجینئر وسیم نذیر کی زیر صدارت منعقدہ 48ویں وائس چانسلرز کمیٹی اجلاس میں کیا گیا، جہاں ملک کی ممتاز انجینئرنگ جامعات کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ (GIK) کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فضل اے خالد کی سربراہی میں پانچ رکنی ٹاسک فورس تشکیل دی گئی، جس کا مقصد پاکستان میں انجینئرنگ تعلیم سے متعلق قواعد و ضوابط، نصاب اور تدریسی نظام کا ازسرِ نو جائزہ لے کر انہیں جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، صنعتی ضروریات، تحقیق اور عالمی معیار کے مطابق ہم آہنگ بنانا ہے۔

بطور مشیر، وائس چانسلر BUITEMS انجینئر پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ اپنی علمی، تدریسی اور پیشہ ورانہ مہارت کی بنیاد پر انجینئرنگ نصاب، تدریسی حکمت عملی اور تعلیمی اصلاحات کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے، تاکہ پاکستان کی انجینئرنگ تعلیم کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران PEC Vision 2035 for Engineering Education کی بھی رونمائی کی گئی، جو انجینئرنگ تعلیم کے فروغ، تحقیق، صنعت اور جامعات کے درمیان مضبوط روابط، فارغ التحصیل انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور عالمی سطح پر پاکستان کی مسابقت بڑھانے کے لیے ایک جامع قومی روڈ میپ فراہم کرے گا۔
اجلاس میں شریک تمام وائس چانسلرز نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی اصلاحاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں انجینئرنگ تعلیم کے مستقبل کے لیے ایک بروقت اقدام قرار دیا۔ ڈاکٹر خالد حفیظ کی اس اعلیٰ قومی فورم پر بطور مشیر نامزدگی بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ منیجمنٹ سائنسز کی تعلیمی برتری، تحقیقی صلاحیتوں اور انجینئرنگ تعلیم میں قائدانہ کردار کا اعتراف ہے۔
یہ اعزاز اس امر کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ BUITEMS نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم، انجینئرنگ اور تحقیق میں ایک مؤثر اور فعال ادارے کے طور پر اپنی شناخت قائم کر رہا ہے۔بیوٹمز کے اساتذہ، افسران اور طلباء نے اس اعزاز پر وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ کو مبارکباد پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں