ڈپٹی کمشنر اُوستہ محمد کی زیرِ صدارت تحصیل گنداخہ کے مقام باغ ہیڈ میں اجلاس

کوئٹہ : ڈپٹی کمشنر اُوستہ محمد محمد رمضان کی زیرِ صدارت تحصیل گنداخہ کے مقام باغ ہیڈ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اتوار کو منعقدہ اجلاس میں ایکسین ایریگیشن غلام محمد بادینی ، محکمہ ایریگیشن کے دیگر افسران و عملہ اور زمینداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں قبو ڈسٹری کے ٹیل اینڈ تک آبپاشی کے پانی کی منصفانہ، شفاف اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ قبو ڈسٹری سے باغ ہیڈ تک کیرتھر کینال کے تمام واٹر کورسز کو 48 گھنٹوں کے لیے بند رکھا جائے گا تاکہ پانی کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرتے ہوئے پانی بلا تعطل قبو ڈسٹری کے ٹیل اینڈ تک پہنچ سکے۔

مزید برآں یہ بھی طے پایا کہ قبو ڈسٹری کے بالائی حصے میں واقع 13 واٹر کورسز کو ہر ہفتے 72 گھنٹوں کے لیے بند رکھا جائے گا ، اس اقدام کا مقصد ہفتہ وار بنیادوں پر پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا اور ٹیل اینڈ کے آباد کاروں کو ان کا جائز حق فراہم کرنا ہے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خانکی سے باغ ہیڈ تک کھیرتھر کینال پر قائم تمام غیر قانونی واٹر کورسز اور غیر قانونی پائپوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ پانی کی چوری کا خاتمہ کیا جا سکے اور نہری پانی کی فراہمی کو شفاف بنایا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں