گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا عوام کو فضائی سفر کی سہولیات اور خدمات فراہم کرنے پر ساؤتھ ایئر پاکستان کا خیرمقدم

کوئٹہ : گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بلوچستان کے دور افتادہ اضلاع کے عوام کو فضائی سفر کی سہولیات اور خدمات فراہم کرنے پر ساؤتھ ایئر پاکستان کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ صوبے کیلئے قابل اعتماد فضائی رابطے بہت ضروری ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کوئٹہ ٹو ژوب روٹ پر ساؤتھ ائیر پروازیں شروع کرنے،ژوب سے ملتان اور اسلام آباد تک فضائی رابطے بڑھانے پر زور دیا۔
زمینی سفر میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہتر ہوائی سفر کی سہولیات و مواقع فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہونگے، سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی کمیونٹیز کو فائدہ پہنچے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساؤتھ ائیرلائن پاکستان کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایئروائس مارشل ریٹائرڈ اعجاز ملک کی قیادت میں ساؤتھ ایئر پاکستان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیف کمرشل آفیسر سراج انور قاضی اور ریجنل ہیڈ عبدالستار اچکزئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفد نے گورنر کو ان کے فلائٹ آپریشنز، حفاظتی معیارات، مسافروں کی خدمات اور مستقبل کے توسیعی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے محفوظ، آرام دہ اور سستی ہوائی سفر کے عزم کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ساؤتھ ایئر لائن کے حکام پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کے مزید اضلاع کو ملانے کیلئے فعال کردار ادا کریں کیونکہ صوبے کی معاشی و سماجی ترقی و خوشحالی کیلئے فضائی رابطوں کو مزید بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔
ساؤتھ ایئر پاکستان کے وفد نے گورنر کے تعاون کی فراہمی اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ایئر لائن اپنی خدمات کو دیگر بڑے شہروں تک وسعت دینے کیلئے کام جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں