کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی کاکڑ،کوئٹہ سٹی کے صدر نور الدین کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔
یہ بات انہوں نے منگل کو سرکی کلاں میں میر فہیم ،شعیب جان محمدحسنی ،علی جان ،افضل جتوئی کی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے صوبائی رہنما شیخ یاسر بشیر، پی پی پی کوئٹہ سٹی کے نائب صدر ڈاکٹر سبحان ترین، نائب صدر حاجی محمد سعید جدون، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ملک شازیب کاسی، کوئٹہ سٹی کے سینئر رہنما ملک عبدالرشید دہوار، ملک عبدالطیف دہوار، شہزاد احمد، ملک ظہور دمڑ و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر میر فہیم ،شعیب جان محمدحسنی ،علی جان ،افضل جتوئی نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، صدر مملکت آصف علی زرداری ،آصفہ بھٹو زرداری ،فریال تالپور،صوبائی صدر و سینیٹر سردار عمرگورگیج اور سٹی صدر نورالدین کاکڑ کی قیاد ت پرمکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی کاکڑ،کوئٹہ سٹی کے صدر نور الدین کاکڑاوردیگر رہنماؤں نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو پاکستان پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہا ۔انہوں نے کہا کہ نئے ساتھیوں کی شمولیت سے پاکستان پیپلزپارٹی سرکی کلاں اور کوئٹہ میں مزید فعال اور منظم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تمام زبانیں بولنے والوں کاایک خوبصورت گلدستہ ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی برسراقتدار آئی عوام کی بلارنگ و نسل خدمت کی صوبے میں اسوقت پیپلز پارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے اورانہیں روزگار کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اب تک ہزاروں نوجوانوں کوروزگار کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ نوجوانوں کو ہنرمند بناکر روزگار کیلئے بیرون ملک بھی بھیجا جارہا ہے ۔انہوں نے کاہ کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

