سیوی(نامہ نگار): عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے سیوی پولیس اور پاکستان ریلوے کے حکام نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کالونی میں قائم مبینہ فحاشی کے اڈے کو مسمار کر دیا، جبکہ مرکزی ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ریلوے کالونی، فیضان مدرسہ کے قریب واقع ایک مبینہ فحاشی کے اڈے کی نشاندہی کی گئی تھی، جس پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سبی رینج پرویز خان عمرانی اور ایس ایس پی سیوی عبدالحمید اعوان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کے احکامات جاری کیے ہدایات کی روشنی میں ایس ایچ او سٹی عبدالرؤف مرغزانی، ایس ایچ او ریلوے احمد علی عابد اور ورک انسپکٹر آئی ڈبلیو عدنان نذیر کی سربراہی میں مشترکہ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کالونی میں قائم مبینہ غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا، جنہیں حکام کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا کارروائی کے دوران مرکزی ملزم فرار ہوگیا، تاہم پولیس اور ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا کارروائی کے بعد شہریوں اور اہلیان سیوی نے سٹی پولیس اور ریلوے حکام کے بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات پر فوری ردعمل سے شہریوں کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ منشیات فروشی، فحاشی اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے ایسی کارروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیں اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او سٹی عبدالرؤف مرغزانی اور ریلوے حکام نے کہا کہ ریلوے یا سٹی پولیس کی حدود میں منشیات فروشی، فحاشی، قبضہ مافیا اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے کارروائیاں جاری رکھیں گے اور قانون شکن عناصر کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا

